قائم علی شاہ نے ضمانت قبل ازگرفتاری کے لیےعدالت سے رجوع کرلیا

سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ملیر ندی کی اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق نیب انکوائری پرسندھ ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق ملیرندی کی اراضی غیرقانونی الاٹ کرنے کے کیس میں نیب کی جانب سے کال اپ نوٹس موصول ہونے کے بعد سابق وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ ہائی کورٹ میں ضمانت قبل ازوقت گرفتاری کی درخواست دائر کردی۔
قائم علی شاہ کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے 18 دسمبر کو کال اپ نوٹس بھیجا ہے، انہوں نے کہا کہ ملیر ندی کی اراضی کی الاٹمنٹ کرنے کے بعد منسوخ بھی کردی تھی۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نیب کی جانب سے کال اپ نوٹس بھیجنا سیاسی انتقام کے مترداف ہے، نیب پیپلزپارٹی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔
قائم علی شاہ نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ نیب کے کال اپ نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے اور ساتھ ہی نیب کوگرفتاری سے روکا جائے۔

عدالت عالیہ میں سابق وزیراعلیٰ کی درخواست پر سماعت پیر کو ہونے کا امکان ہے۔