لوگوں نے عمران خان کو اس لیے ووٹ دیے کہ کرپٹ لوگ جیلوں میں ہوں،شیخ رشید

پشاور:وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اس لیے ووٹ دیے کہ کرپٹ لوگ جیلوں میں ہوں، کرپشن کا ایسا خاتمہ کریں گے کہ لوگ یاد رکھیں گے۔
پشاور میں رحمان باباایکسپریس کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کی زمینوں سے قبضہ ختم کرایا جائے گا، ریلوے نے کمیشن دے دے کر بہت خسارہ بھگت لیا، ٹرین چلے گی تو پاکستان کی معیشت کا پہیہ بھی گھومے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دو نان اسٹاپ ٹرینیں چلائیں گے، ہمارے پاس 15 تاریخ تک کراچی کے لیے کوئی ٹکٹ نہیں، پہلی تاریخ کو ایک ماہ کے لیے ونٹر ٹرین چلائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ رحمان بابا ایکسپریس کا کرایہ راولپنڈی لاہور موٹر وے جتنا 1350 روپے رکھا گیا ہے اور یہ ٹرین 34 کے بجائے 24 گھنٹوں میں پشاور سے کراچی پہنچے گی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم نے سو دنوں میں 20 ٹرینیں چلائی ہیں جو دنیا کی تاریخ میں ریکارڈ ہے اور اس سال مزید 20 ٹرینیں اور چلائیں گے، ایم ایل ون کا فیصلہ چند ہفتوں میں ہوجائے گا جس کے تحت پشاور سے کراچی تمام ریلوے ٹریک تبدیل کیا جائے گا، ٹریک کی تبدیلی کے بعد پشاور سے کراچی ٹرین کی کم سے کم رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ٹریک کی تبدیلی کے بعد پشاور تا کراچی ٹرین کی زیادہ سے زیادہ 260 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی اور کراچی سے پشاور تک 8 گھنٹوں میں پہنچا جا سکے گا۔