اسلام آباد :احتساب عدالت نے نوازشریف کی اڈیالہ جیل کی بجائے لاہور کی جیل میں منتقل کرنے پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا ہے جس کے تحت انہیں لاہور کی جیل کوٹ لکھپت جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے جس کے تحت نوازشریف کو سات سال قید اور دو مختلف بھاری جرمانے کیے گئے ہیں جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کردیا گیا ہے ۔
فیصلہ سننے کے بعد نوازشریف نے عدالت میں استدعاکی کہ انہیں اڈیالہ کی بجائے لاہور کی جیل میں منتقل کیا جائے۔
نوازشریف کی اپیل پر نیب پراسیکیوٹر نے مخالفت کی تاہم عدالت نے سابق وزیراعظم کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کی درخواست کو قبول کر لیا ۔عدالت نے نوازشریف لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے ۔
یاد رہے کہ نوازشریف کو ممکنہ سزا کے پیش نظر اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے نوازشریف کیلئے بیرک نمبر 11 مختص کی گئی تھی جبکہ ان کیلئے رنگ روغن بھی کیا گیا تاہم نوازشریف نے عدالت سے لاہور منتقل کرنے کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا اور اڈیالہ جیل حکام کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں ہیں ۔