پاکستانی وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ کو کینیڈا کے سکھوں نے کرتاپور کا راستہ کھولنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ٹورنٹو میں ایک تقریب کے دوران دونوں شخصیات کو سونے کی پلیٹوں سے مزین سرٹیکفیٹ پیش کیے گئے جو پاکستانی قونصل جنرل نے وصول کیے۔ اس تقریب پر بھارت کو آگ لگ گئی ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سرٹیفکیٹ پیش کرنے والے سکھ دراصل خالصتانی گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔ بالخصوص سکھمند سنگھ کی تقریب میں شمولیت پر بھارتی ذرائع ابلاغ نے اعتراض اٹھایا ہے۔
جمعہ 21 دسمبر کو ہونے والی تقریب سے خطاب کے دوران سکھمندر سنگھ نے کہا تھا کہ ہمیں بعض اوقات پاکستانی قونصل خانے سے محبت کی وہ ہوا ملتی ہے جو بھارتی قونصل خانے سے نہیں ملتی۔
اس تقریب میں کرتارپور گوردوارے تک بھارتی سکھوں کو رسائی دینے کیلئے سرحدی راہدری کھولنے کے فیصلے پر عمران خان اور جنرل باجوہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔
تاہم بھارتی ذرائع ابلاغ نے اسے منفی رنگ دینے کیلئے سنسنی پھیلانے کی کوشش کی۔ ایک بھارتی ٹی وی ری پبلک نے اس تقریب کی تصاویر اپنے ذرائع سے حاصل کرنے کا اعلان کیا۔ جبکہ جو تصاویر ٹی وی نے دکھائیں وہ کینیڈین سکھ رہنماسکھمندر سنگھ نے خود اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر شیئر کی تھیں۔ ان تصاویرمیں سکھمندر سنگھ پاکستانی سفارتکار کو جنرل باجوہ کے نام سرٹیفکیٹ پیش کر رہے ہیں۔