تحریک لبیک سندھ کے امیر مفتی غوث بغدادی (بائیں سے دوسرے)) اپنی جماعت کے ارکان سندھ اسمبلی کے ساتھ کراچی پریس کلب میں 26 دسمبر 2018 کو پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔
تحریک لبیک سندھ کے امیر مفتی غوث بغدادی (بائیں سے دوسرے)) اپنی جماعت کے ارکان سندھ اسمبلی کے ساتھ کراچی پریس کلب میں 26 دسمبر 2018 کو پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔

خادم رضوی سمیت تحریک لبیک قیادت و کارکنوں کی رہائی کیلئے احتجاجی تحریک کا اعلان

تحریک لبیک نے اپنے سربراہ خادم حسین رضوی سمیت قائدین اور سینکڑوں کارکنوں کی رہائی کے لیے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔

یہ اعلان تحریک لبیک سندھ کے امیر مفتی غلام غوث بغدادی نے بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ساتھ تحریک لبیک کے اراکان سندھ اسمبلی مفتی محمد قسم فخری اور محمد یونس سومرو بھی تھے۔ تحریک لبیک کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی نقشبندی بھی پریس کانفرنس کے لیے آئے۔

مفتی غلام غوث بغدادی نے کہاکہ احتجاجی تحریک کے سلسلے میں 28 دسمبر بروز جمعہ کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کے مرکزی قائدین علامہ خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری، صوبائی و ضلعی عہدیاروں سمیت ملک بھر کی جیلوں میں بند ہزاروں کارکنوں اور ہمدردوں کو غیر مشروط پر رہا کیا جائے۔

تحریک لبیک کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کبھی مارشل لا دور میں بھی ایسا نہیں ہوا کہ اسلام اور رسول اللہ کی ناموس کی بات کرنے والوں کے سامنے ان کے نظریہ سے دستبرداری کی شرط رکھی گئی ہو اور اس شرط پر ہی انہیں جیلوں سے رہا کیا جا رہا ہو۔

انہوں نے تمام محب وطن پاکستانیوں سے احتجاج میں شرکت کی اپیل کی۔