فریال کا والد حق نواز گوہر بیٹی کی میت کے پاس گم سم بیٹھا ہے
فریال کا والد حق نواز گوہر بیٹی کی میت کے پاس گم سم بیٹھا ہے

ایبٹ آباد میں 3 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کی لرزہ خیز واردات

ایبٹ آباد میں ایک تین برس کی بچی کو زیادتی کے بعد شدید سردی میں کھلے آسمان تلے پھینک کر قتل کر دیا ہے۔

اس لرزہ خیز واردات نے علاقے میں غم و غصہ پھیلا دیا جبکہ کم سن فریال کی زخموں سے چور لاش کے پاس بیٹھے اس کے باپ کی تصور نے شوشل میڈیا پر لوگوں کے دل دہلا دیئے ہیں۔

ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کے  کیالہ گاؤں میں تین سالہ فریال منگل کے روز دن ڈھائی بجے گھر سے غائب ہوئی تھی جس کی رپورٹ تھانہ حویلیاں میں درج کرائی گئی ۔پولیس نے ڈی ایس پی حویلیاں کیڈٹ اعجاز کی نگرانی میں سرچ شروع کی۔اگلے روز فریال گاؤں سے دور ویرانے سے مردہ حالت میں پائی گئی۔

بچی کے جسم پر تشدد کے نشانا ت موجود تھے۔ اطلاع پر ڈی پی او ایبٹ آباد عباس مجید مروت ڈی ایس پی سونیا شمعروز فوری طور پر حویلیاں ہسپتال پہنچے اور اپنی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کرایا۔

ڈاکٹرز کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق معصوم فریال کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی اور نیم مردہ حالت میں کھلے آسمان تلے شدید سردی میں پھینک دیا گیا جس سے بچی ہلاک ہو گئی۔

حویلیاں پولیس نے اس کرب ناک واقعہ کی تفتیش اور مجرمان کی گرفتاری کے لئے علاقہ بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

مقتولہ فریال کو ہزاروں اشکبار آنکھوں کے ساتھ سپردِخاک کر دیا گیا۔

تدفین سے قبل فریال کی ننھی لاش کے پاس بیٹھے اس کے والد کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوئی تو اس لوگوں کے دل دہل گئے ۔ معصوم بچی کی دیگر تصاویر بھی جسٹس فار فریال کے ہیش ٹیگ کے ساتھ وائرل ہو گئیں۔

حویلیاں کے اس سانحے نے  لوگوں کو قصور کی ننھی زینب یاد دلا دی ہے۔