رحمان ملک نے ای سی ایل میں شامل رہنمائوں کی فہرستیں طلب کرلیں

اسلام آباد:چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے سیاسی قائدین کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کانوٹس لے لیا ہے اوروفاقی وزارت داخلہ سے ان تمام افراد کی فہرستیں طلب کی ہیں جن کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں
رحمان ملک نے حکم دیا کہ وزارت داخلہ تین دن میں سیاسی قائدین کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی رپورٹ دے اوربتائے کہ کس کو کس بنیاد پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے وفاقی وزارت داخلہ سے یہ بھی پوچھا ہے کہ کس قانون،پالیسی اور طریقہ کار کے تحت ان لوگوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں ۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی نے وفاقی وزارت داخلہ سے یہ بھی کہاہے کہ جن افرا د کےخلاف تفتیش چل رہی ہے لیکن ان کے نام ای سی ایل میں شامل نہیں ہیں ان کی بھی فہرستیں کمیٹی کو بھجوائی جائیں
انہوںنے وفاقی وزارت داخلہ کو یہ حکم بھی دیاہے کہ ای سی ایل میں شامل کئے گئے افراد سمیت ان زیرتفتیش افراد کی لسٹیں بھی 3دن میں کمیٹی کوفراہم کی جائیں جن کے نام ای سی ایل میں شامل نہیں ہیںاوریہ بھی بتایاجائے کہ زیرتفتیش افراد کے نام کس قانون کے تحت ای سی ایل میں شامل نہیں کئے گئے۔