کسی کے باپ کا نوکر نہیں جواب دوں،مہمند ڈیم کے سوال پر فیصل واوڈا سیخ پا

اسلام آباد: وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے اے پی سی چیئرمین شہباز شریف ایک مجرم ہے اور وہ جیل سے آکر مجھ سے سوال جواب کرے گا تو ایسا نہیں ہوگا،کسی کے باپ کا نوکر نہیں جواب دوں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے اعلان کیا کہ 13 جنوری سے مہمند ڈیم پراجیکٹ پر کام کا آغاز کر رہے ہیں جب کہ کچھ لوگوں کی جانب سے مہمند ڈیم کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رزاق داؤد ڈیسکون کمپنی سے استعفیٰ دے چکے ہیں اور وہ پراجیکٹ پر اثر انداز نہیں ہو رہے ہیں جب کہ کسی کو بھی خلاف ضابطہ کنٹریکٹ دینے کا اختیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ایک مجرم ہے وہ آکر مجھ سے سوال جواب کرئے گا تو ایسا نہیں چلے گا۔ ان کا کہناتھا کہ پیر کو میری وزارت میں خط آئے گا منگل کو اے پی سی میں جواب دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ آج پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں مہمند ڈیم کے معاملے پر  وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کو خط لکھا گیا ہے جس میں ان سے جواب مانگا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران سوال جواب کے سیشن میں انگریزی اخبار کے ایک سینئر صحافی خلیق کیانی نے فیصل واوڈا سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین شہباز شریف پر تنقید کے حوالے سے سوال کیا۔
جس پر فیصل واوڈا نے جواب دیا کہ میں آپ کا مائیک اٹھا کر سائیڈ پر رکھ دوں گا، آپ جیسے بزرگ صحافی سے اس طرح کے سوال کی امید نہیں کرسکتا تھا۔
وفاقی وزیر کے اس تلخ رویے پر تمام صحافیوں نے ان کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا۔
فیصل واوڈا نے اپنے رویے پر معذرت بھی کی، تاہم صحافیوں کا احتجاج جاری رہا، جس کے باعث وفاقی وزیر پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔