ریفرنس کی مزید سماعت 9 ستمبرکوہوگی۔فائل فوٹو
ریفرنس کی مزید سماعت 9 ستمبرکوہوگی۔فائل فوٹو

منی لانڈرنگ کیس:آصف زرداری، فریال تالپور کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش

اسلام آباد:منی لانڈرنگ کیس میں جے آئی ٹی نے نئی سفارشات عدالت میں جمع کرادیں ،رپورٹ میں آصف زرداری، فریال تالپور اوراومنی گروپ کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کردی۔
جے آئی ٹی نے بلاول ہاؤس کراچی و لاہوراورزرداری ہاؤس اسلام آباد ،آصف زرداری کی نیویارک اور دبئی کی پراپرٹیز،بلاول ہاؤس کراچی کے پانچوں پلاٹس ،اومنی گروپ کی شوگر ملز،زرعی کمپنیزاور توانائی کمپنیز کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کی ہے۔
رپورٹ میں کہا ہے کہ زرداری اوراومنی گروپ نے اثاثے بنائے قرضوں میں بے ضابطگیاں کیں ،دونوں گروپس نے حکومتی فنڈز میں بے ضابطگیاں کیں اور کمیشن لیا،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں گروپس نے غیرقانونی پیسہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زرداری اوراومنی گروپس کے مختلف کمپنیوں کے تحت رکھے گئے اثاثے منجمد کئے جائیں ،احتساب عدالت کے فیصلے تک ان اثاثوں کو منجمد رکھا جائے ،کہیں ایسا نہ ہو یہ اثاثے بیرون ملک منتقل ہو جائیں ۔
جے آئی ٹی نے عدالت سے درخواست کی کہ ایس ای سی پی کو زرداری اور اومنی گروپ کے ڈائریکٹرز کی تبدیلی روکنے کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ اس کیس میں ملوث 172 افراد کے نام میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کردیے گئے ہیں جن میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو بھی شامل ہیں۔