اصغر خان ( فائل فوٹو)
اصغر خان ( فائل فوٹو)

سپریم کورٹ کا اصغر خان کیس بند نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے اصغرخان عملدرآمد کیس بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، عدالت نے کیس بند کرنے کی ایف آئی اے کی استدعا مسترد کردی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ عدالت اصغرخان کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے،اصغرخان کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائیگی۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے اصغرخان عملدرآمد کیس کی سماعت کی،چیف جسٹس پاکستا ن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اصغرخان کیس کی زندگی کا بڑا حصہ اس کیس میں گزرا،اصل تحقیقات کا وقت آیا تو رکاوٹیں کھڑی کر دیں،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ایف آئی اے کہتا ان کے پاس شواہد نہیں ۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ عدالت نے تاحال کیس بند نہیں کیا،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا عدالتی فیصلے پر عمل کرنے کا کوئی اورطریقہ ہے ؟وکلا معاونت کریں تحقیقات کیسے کرائیں ،عدالت کا مقصدصرف دو افسروں کیخلاف تحقیقات نہیں ۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ عدالت اصغرخان کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے،اصغرخان کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائیگی،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جس فوجی افسر نے رقم تقسیم کرنا تسلیم کیا اس کا بیان نہیں لیاگیا ۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اصغرخان کیس کی ہر صورت ہونی چاہئے ،سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت باضابطہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ایسا نہ سمجھیں کہ کوئی ادارہ عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے، ہر ادارے کو سپریم کورٹ کے تابع کریں گے ،سیکرٹری دفاع آکر بتائیں تحقیقات میں کیا پیشرفت ہوئی،ہرادارہ سپریم کورٹ کو جوابدہ ہے۔
سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کی رپورٹ مسترد کردی اور کیس کی سماعت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔