چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں 18 ویں ترمیم کو چھیڑنا چاہتی ہیں لیکن ہم 18 ویں ترمیم پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ سندھ میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
گمبٹ میں میڈیکل کالج کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت کام میں سب سے آگے ہے، گمبٹ اسپتال ہماری خدمت کی ایک مثال ہے، جب غریب عوام یہاں آکر مفت علاج کراتے ہیں تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔ سندھ کے ڈاکٹرز پورے ملک کےعوام کو مفت اور معیاری علاج کی سہولت دیں گے۔ چیلنج کرتا ہوں کہ عمران خان گمبٹ جیسا میڈیکل انسٹیٹیوٹ خیبر پختونخوا میں نہیں بنا سکتے۔
طبی اداروں کا انتظامی کنٹرول وفاق کو دوبارہ دینے کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب یہ ادارے وفاق کے ماتحت تھے تب یہ چندے پر چلتے تھے، قومی ادارہ برائے امراض قلب جب وفاق کے پاس تھا تو یہاں علاج بہت مہنگا تھا۔ اب پاکستان کے غریب عوام سندھ آکر مفت علاج کروا رہے ہیں، جو بھی قانونی راستہ ہوگا اختیار کریں گے لیکن وفاق کو سندھ کے اسپتال چھیننے نہیں دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کو تاریخ پڑھنی چاہئے، ذوالفقارعلی بھٹو اسکندر مرزا اور ایوب خان کے ساتھ میرٹ پرمنتخب ہوئے، انتخابی مہم کے دوران عمران خان کا ہروعدہ جھوٹا نکلا، ہم نے کہا تھا کہ یہ کٹھ پتلی حکومت لانا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام نے ہمیں ووٹ اس لئے نہیں دیا کہ ہم پارلیمان کو بھول جائیں، کچھ قوتیں 18 ویں ترمیم ختم کرناچاہتی ہیں، لانگ مارچ کرنا پڑا تو کروں گا 18ویں ترمیم آنچ نہیں آنے دیں گے، صدارتی حکومت کے حمایتی سمجھتے ہیں کہ ملک میں ایوب خان جیسا نظام آئے گا۔