کفایت شعاری کے دعویدار پروٹوکول کے دیوانے، سادگی کا دعوی کرنے والے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار 26گاڑیوں پر مشتمل قافلے کے ساتھ ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت آئی تو سادگی کا راگ الاپا گیا اور اس حوالے سے کئی اقدامات اٹھانے کے دعوے بھی کئے گئے مگر اب تک پروٹوکول کے حوالے سے کئی ویڈیوز اور واقعات سامنے آ چکے ہیں جس پر عوام تبدیلی کے دعوؤں پر سوال اٹھانے میں مصروف ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آج جب ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دورے پر پہنچے تو ان کے قافلے میں، ایک، دو، پانچ یا دس نہیں بلکہ پوری 26 گاڑیاں شامل تھیں اور مختلف سڑکوں کو بلاک بھی کیا گیا جس کے باعث شہری پریشانی سے دوچار رہے اور کچھ نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی جو خوب وائرل ہو رہی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی ملتان آمد سے قبل ہی سیوڑہ چوک، سورج میانی، چونگی نمبرایک کی تمام دکانیں بند کرادی گئیں جس سے شہری پریشان ہوگئے۔وزیراعلی پنجاب کی آمد پر900 پولیس افسران و اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔
دکانداروں کا کہنا تھا کہ ہماری دکانیں یہ کہہ کربند کروا دی گئیں کہ وزیراعلی آرہے ہیں، یہ تو کہتے تھے پروٹوکول نہیں لیں گے۔