پشاور ہائی کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کے دوبارہ حلف کے لئے درخواست دائر کردی گئی ۔
شاہد اورکزئی نے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے 17 جنوری کو حلف لیا تاہم ان سے حلف صدر مملکت عارف علوی نے لیا ہے حالانکہ اس سے ایک روز قبل صدر مملکت نے کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو ضمنی انتخابات میں ووٹ دیا تھا اور قانون کے تحت وہ چیف جسٹس آف پاکستان سے حلف نہیں لے سکتے کیونکہ وہ غیر جانبدار نہیں رہے۔ آئین کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان سے وہی حلف لے گا جو غیر جانبدار ہو اور اس کا کسی سیاسی جماعت سے واسطہ نہ ہو۔
درخواست میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے حلف اٹھانے کے دوران آئینی تقاضے پورے نہیں کئے گئے لہذا چیف جسٹس آصف سید کھوسہ سے قانون کے تحت حلف لینے کے لئے اسپیکر کو نامزد کیا جائے، حلف دوبارہ لیا جائے اور اس حوالے سے خصوصی احکامات جاری کئے جائیں۔
خیال رہے 18 جنوری کو جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ملک کے 26 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا تھا۔