وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میاں برادران جان دے دیں گے پیسے نہیں دیں گے، شہباز شریف میں اخلاقی جرات ہے تو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا عہدہ چھوڑ دیں۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نےشریف براداران کو بزدل سیاست دان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کرپشن کے کیس میں ہیرو بننے کی کوشش کررہے ہیں، ان دونوں کی بیماری 20 سال پرانی ہے اور شاید یہ لوگ ضمانت کروانے میں آسانی کے لیے بیماری رکھتے ہیں، انہیں ڈیل کرنی آتی ہے اور اب یہ ڈیل میں ناکامی پر ڈھیل کی طرف جارہے ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ جو 23 کیسز میں مطلوب ہے وہ پی اے سی کا چیئرمین بن بیٹھا، شہباز شریف کے پروٹوکول میں شامل رینجرز کی گاڑی ہٹائی جائے۔ شہباز میں اخلاقی جرات ہے تو عہدے کو چھوڑ دیں، عمران خان نے میاں برادران کو جیل میں ڈالنے کی بڑی غلطی کی۔ یہ جان دے دیں گے پیسے نہیں دیں گے۔
چیرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے لانگ مارچ کے اعلان سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ بلاول صاحب لانگ گواچا اور لانگ مارچ میں بڑا فرق ہے، اگر بلاول کرپشن کے خلاف اور فالودے والے کے حق میں لانگ مارچ کریں میں ان کے ساتھ نکلوں گا۔