وزیرریلوے شیخ رشیدنےشہبازشریف کے خلاف اگلے ہفتے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے ایک بار پھر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پر بات کی اور شہبازشریف کے خلاف آئندہ ہفتے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا۔
شیخ رشید احمد نےکہا کہ میرے لیے اسپیکر قابل احترام ہیں لیکن وہ ایک غلط فیصلہ کررہے ہیں، میں نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بننے کے لیے خود نہیں کہا تھا بلکہ وزیراعظم عمران خان نے اس خواہش کا اظہار کیا جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی اس حوالے سے غلط کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاناما میں بھی میری درخواست پر فیصلہ ہوا، عمران خان مجھے ون مین آرمی کہتے ہیں، میں ان کی وجہ سے ہی اپنے مؤقف پر قائم ہوں، اگر عمران خان سمجھتے ہیں میری ضرورت نہیں تو ٹھیک ہے۔
وزیر ریلوے نے کہاکہ دو پی اے سی ہوں گی، ایک سے متعلق شہبازشریف بات کریں گے اور دوسری سے میں، اگر لوگ سمجھتے ہیں میں کمیٹی میں نہ جاؤں تو وہ ہوگا جو اللہ کو منظور ہوگا، یہ ہفتہ دیکھوں گا اور پھر پیر یا منگل کو سپریم کورٹ میں رٹ دائر کردوں گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان ہر ایک کی فریکونسی جانتے ہیں، 2019 میں ہمیں دھیرے دھیرے چلنا ہے، 30 جون تک بہت اہم فیصلے ہو جانے ہیں۔