’ ارشاد رانجھانی کے واقعے کو چند عناصر لسانی فساد کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں‘

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ارشاد رانجھانی کےمعاملے پرلسانی فسادات پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ میرغلام محمد تالپر کی برسی میں شرکت کے لیے ٹنڈوباگو پہنچے، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئےمراد علی شاہ کا کہناتھا کہ سندھ حکومت سندھ میں تعلیمی بہتری کے لئے کوشاں ہے، اسکولوں کی ایلیوکیشن بھی رکھی ہوئی ہے، وہاں ایجوکیشن ورکس ڈیپارٹمنٹ بھی کام کررہا ہے، جن اسکولوں میں کام ہورہا ہے ہم نے سب اراکین اسمبلی کو اسکولوں کی لسٹ بھی دی ہے جب کہ بدین میں پانی کے بحران کا علم ہے،جلد پانی کی قلت کا معاملہ حل ہو جائے گا۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ارشاد رانجھانی کا قتل کسی قوم سے تعلق رکھنے والے فرد کا نہیں انسانیت کا قتل ہے لیکن چند عناصر اس معاملے کو لسانی فساد کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کے لیے پہلے ہی اعلان کردیا ہے، جو بھی پنجاب میں انھیں مل رہا ہے یہاں بھی وہ ہی ملے گا جب کہ ٹیکس وصول کرنے میں وفاق کی کافی کوتاہی ہے اور پہلے سات مہینے میں پچھلے سال سے بھی کم پیسے ہمیں ملے۔