لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون سوسائٹی کیس میں گرفتار خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع کردی۔
خواجہ برادران کو جوڈیشل ریمانڈمکمل ہونے پر آج احتساب عدالت کے جج سید نجم حسن کے رو برو پیش کیاگیا،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور احتساب عدالت کی طرف آنے والے راستوں کو کنٹینر اور خاردارتاریں لگا کر بند کیا گیا تھا،عدالت احتساب کے باہر ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
دوران سماعت جج احتساب عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بتایا جائے ریفرنس کا کیا بنا،تفتیشی نے عدالت کو بتایا کہ 90 روز پورے ہونے پر پیراگون کا ریفرنس پیش کردیا جائے گا،عدالت نے تفتیشی افسرکو ہدایت کی کہ کام جلد کیا کریں ۔
عدالت نے خواجہ برادران کیخلاف حتمی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمانڈمیں 4 مارچ تک توسیع کردی۔
واضح رہے 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔