اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ بھارت کے پاس پلوامہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت ہیں توپاکستان کے ساتھ شیئر کریں، پورا تعاون کریں گے۔
نجی ٹی وی کے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہاکہ بھارت میں الیکشن نزدیک ہیں اس لیے اس طرح کے بیانات دیے جارہےہیں۔
شاہ محمود قریشی نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے موقع پر اپوزیشن کو نہ بلانے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ میری ذاتی رائے کے مطابق اپوزیشن کو بلانہ چاہیے تھا۔
خیال رہےکہ کچھ دیر میں سعودی ولی عہد دورہ پاکستان پر پہنچ رہے ہیں، دو روزہ دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد کے ساتھ ون آن ون ملاقات ہو گی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہو ں گے۔ باہمی معاہدوں پر دستخط کے بعد معزز مہمان اور ان کے وفد کو وزیراعظم عشائیہ دیں گے۔
شہزادہ محمد بن سلمان کی صدر مملکت عارف علوی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ معزز مہمان کو نشان پاکستان سے بھی نوازا جائے گا۔
سعودی وفد میں وزرا، ارکان شاہی خاندان اور کاروباری شخصیات شامل ہیں، دورے کے دوران وفد میں شامل وزرا پاکستانی ہم منصب وزرا سے ملاقاتیں کریں گے جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت ہو گی۔
اس دوران مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے، جن میں پٹروکیمیکل ریفائنری کا قیام، ثقافت و آرٹ اور میڈیا تعاون کیلئے پاکستان اور سعودی عرب ایگزیکٹو پروگرام شامل ہیں۔