سعودی ولی عہدکو پاکستان کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشان پاکستان سےنواز دیا گیا

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وزیراعظم ہاؤس سے ایوان صدر پہنچے، وزیراعظم عمران خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔معزز سعودی مہمان کو بگھی میں ایوان صدر پہنچے ۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتطامات کئے گئے ہیں ۔

ایوانِ صدر پہنچنے پر محمد بن سلمان کا شاندار استقبال کیا گیا، صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معزز مہمان کا استقبال کیا جب کہ اس دوران وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔

ایوانِ صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت عارف علوی کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور کابینہ ارکان بھی شریک ہیں۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔

تقریب میں صدرِ مملکت عارف علوی معزز مہمان شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’نشانِ امتیاز‘ سے نوازا۔

سعودی ولی عہد سے آرمی چیف کی ملاقات

اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ دونوں شخصیات نے پاک سعودی دفاعی تعاون سمیت خطے کی صورتحال پر گفتگو کی جبکہ افغان طالبان سے ہونے والے امن مذاکرات پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی موجود تھے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دونوں ممالک میں دفاعی و فوجی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں سعودی شاہی خاندان کی اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔

جبکہ آج صبح  وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان کے ساتھ ناشتے کے بعد سعودی مہمان نے مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں ان کی وفود کی سطح پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات ہوئی۔