یہ حکومت جعلسازی سے آئی ہے ہر کام میں جعلسازی کرتی ہے ۔فائل فوٹو
یہ حکومت جعلسازی سے آئی ہے ہر کام میں جعلسازی کرتی ہے ۔فائل فوٹو

ثاقب نثار نےڈیم کے نام پر قوم کو بے وقوف بنایا۔مسلم لیگ ن

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار قوم کو ڈیم کے نام پر بے وقوف بنا کر چلے گئے,سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر ڈاکہ ڈال کر پیسہ اکھٹا کیا گیا لہذا ان پیسوں کی وصولی سابق چیف جسٹس سے کرنی چاہیے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں (ن) لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہر روز ایوان میں وزیر نامناسب باتیں کرتے ہیں، گیس اور بجلی کی قیمت میں اضافے کی کوئی ضرورت نہیں تھی، ملکی معیشت پر ہفتہ اور اتوار کو بھی اجلاس بلانا چاہیے، عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ حکومت معاشی طور پر ظلم کررہی ہے۔

سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنے ارکان کو کہا اتنا جھوٹ بولو کہ عوام کو سچ نظر آئے، وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ ہر مسئلے کی وجہ گزشتہ حکومت پر ڈال دیں
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی انا ہمالیہ سے بھی اونچی ہے، وزیراعظم کی میڈیا ٹیم سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہے، عمران خان کی حکومت کی عمارت صرف جھوٹ پر کھڑی ہے۔

اس موقع پر رہنما مسلم لیگ (ن) احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کےدھوکے میں اس حکومت کومسلط کیاگیا، نئے پاکستان کی فلم میں جنت کا وعدہ کرکےعوام کو جہنم میں دھکیلا گیا ہے

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، یہ لوگ تو خرچے گھٹانے آئے تھے، بتایا جائے تین ماہ میں 100 ارب کا گھاٹا کیوں ہوا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے بغیر چندہ مانگے 122 ارب روپے خرچ کرکے ڈیم کی زمین خریدی، 13 ارب روپے خرچ کرکے 9 ارب روپے اکھٹے کیے گئے، ڈیم کے لیے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر ڈاکہ ڈال کر پیسہ اکھٹا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مطالبہ کرتا ہوں کہ سابق چیف جسٹس قوم کے سامنے پیش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بابائے ڈیم قوم کو ڈیم کے نام پر بھی بے وقوف بناکر چلے گئے،جب تک آپ کے پاس 8 ارب ڈالر نہیں ہوں گے کوئی ٹھیکیدار اپنی بڈ جمع نہیں کرائے گا، ان پیسوں کی وصولی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے کرنی چاہیے۔