بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور پنچاب میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، سیلابی ریلے اور مختلف حادثات کے نتیجے میں 24افراد جاں بحق ہوگئے۔
برساتی نالے بپھرگئے،رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا، مکران اور ضلع لسبیلہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور پاک فوج کو طلب کر لیا گیا۔
اوتھل میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 4 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں سے 3 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ایک اب تک لاپتہ ہے۔بیلہ کے علاقے گدور میں سیلابی ریلے میں 40 افراد پھنس گئے، امدادی سرگرمیوں میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ پاک فوج کے 4 ہیلی کاپٹر بھی شریک ہیں۔
ادھر خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور برف باری کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 14افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہو گئے، پی ڈی ایم اے نے اس حوالے سے رپورٹ جاری کر دی۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق حالیہ بارشوں اور برف باری کے باعث دیر، شانگلہ، ہنگو اور کوہاٹ میں حادثات رونما ہوئے،جس سے 14افراد جاں بحق اور13 زخمی ہوئے۔