وفاقی کابینہ نے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دیدی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف معاملات کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔
چند روز قبل نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کیس میں شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے اظہر حمید کو چیئرمین ای او بی آئی تعینات کرنے کی بھی منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے ہارون حسین اینڈ کمپنی کو نادرا اکاؤنٹس کے آڈٹ کی ذمے داری سونپنے کی منظوری بھی دی۔
جسٹس شاہد کریم کو خصوصی عدالت کا جج جب کہ جسٹس طاہرہ صفدر کو خصوصی عدالت کا صدر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ نے مختلف ملکوں کے ساتھ ویزا پروسس میں نرمی اور فیس میں کمی کی منظوری بھی دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ملک بھر میں ملاوٹ شدہ دودھ کی روک تھام کیلئے بھرپور کارروائیوں کی منظوری بھی دیدی۔
وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی جبکہ وزیراعظم کے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے فیصلے کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان کو سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا جبکہ کابینہ نے ولی عہد کے کامیاب دورے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔