بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے پائلٹ کی رہائی سے متعلق پاکستانی وزیراعظم کے اعلان کا خیرمقدم کرنے کے بجائے ڈھکے چھپکے لفظوں میں مزید حملوں کی دھمکی دی ہے۔ تاہم دھمکی دیتے ہی بات بھی بدل دی۔
جب کہ بی جے پی کے رہنما اور بھارتی ایوان بالا کے رکن نے پاکستان کے چار ٹکڑے کرنے کی دھمکی دی ہے۔
عمران خان نے جمعرات کی سہ پہر پارلیمنٹ سے خطاب میں بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھامن کی رہائی کا اعلان کیا۔ اس وقت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نئی دہلی میں ایک ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ مودی نے اپنی تقریر کے دوران ہندی میں کہا، ’’آپ تو لیبارٹریز میں زندگی گزارنے والے لوگ ہیں۔ اور آپ میں پہلے پائلٹ پراجیکٹ کرنے کی ایک پرم پرا(روایت) ہوتی ہے۔ اور پائلٹ پراجیکٹ ہونے کے بعد اسکیل ایبل(اصل سائز کا پراجیکٹ) کیا جاتا ہے۔ تو ابھی ابھی ایک پائلٹ پراجیکٹ ہوگیا ہے۔ ابھی ریئل(اصل) کرنا ہے۔ پہلے تو پریکٹس تھی۔‘‘
مودی کی ان باتوں پر تالیاں بجتی رہیں۔ اس کے بعد اگلے جملے میں مودی نے بات بدل دی۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا، ’’ اور اصل یہ ہے کہ حقیقت میں آج کی ایوارڈ جیتنے والوں کے اعزاز میں کھڑے ہو کر تالیاں بجائی جائیں۔ ہم سب standing ovation دیں گے‘‘
اس کے بعد مودی نےتالیاں بجانا شروع کردیں اور تقریب کے شرکا بھی کھڑے ہو کر ان کا ساتھ دینے لگے۔
مودی 24 گھنٹے بعد بول پڑے- پاکستان پر نیا الزام
بھارتی وزیراعظم نے اس کے بعد بھی بھارتی پائلٹ کی رہائی کے حوالے سے کچھ نہیں کہا۔
عمران خان کے اعلان کے بعد بی جے پی کے رہنما اور بھارتی راجہ سبھا کے رکن سبرامنین سوامی نے ٹؤئٹر پر کہا ہے کہ پاکستان کے چار ٹکڑے کرنا بھارت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔