بھارتی پائلٹ ابھینندن کی رہائی کے ساتھ ہی کنٹرول لائن پر شروع ہونے والی بھارتی گولہ باری سے دو فوجیوں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج نے بھارتی گولہ باری کا بھرپور جواب دیا ہے۔ تاہم گولہ باری کا سلسلہ 24 گھنٹے بعد بھی ہفتہ کی رات تک جاری تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ہفتہ کو تصدیق کی ہے کہ نکیال سیکٹر میں دو فوجی شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی گولہ باری سے 2 شہری بھی شہید ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ تتہ پانی، ہاٹ سپرنگ اور جتروٹ کے سیکٹر میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے بھارتی فوج نے جان بوجھ کر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔
زخمیوں کو کوٹلی منتقل کردیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج نے بھرپور جواب دیا ہے، فضائیہ اور بحریہ بھی الرٹ ہیں۔
اس سے پہلے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سوشل میڈیا پر افواہیں پھیل گئیں تھی کہ بھارت نے تین میزائل آزاد کشمیر پر داغے ہیں جن میں سے دو پاک فوج نے راستے میں ہی مار گرائے جب کہ ایک آبادی پر گرنے سے بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ تاہم ایسے کسی واقعے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
کنٹرول لائن پر جھڑپیں لیکن کئی تصاویر جعلی