حکومت نے مولانا مسعود اظہر کے بھائی مفتی عبدالرؤف سمیت کالعدم تنظیموں کے 44 ارکان کو حراست میں لے لیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارتِ داخلہ نے کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے گئے اقدامات کے تحت مفتی عبدالرؤف اور حماد اظہار سمیت درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور سیکریٹری داخلہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، اس موقع پر سیکریٹری داخلہ نے کالعدم تنظیموں کے 44 افراد کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق کی لیکن تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہورہی ہے، ہم کسی دباؤ میں یہ کارروائی نہیں کررہے۔
سیکریٹری داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ مفتی عبدالرؤف اور حماد اظہر کے نام بھارت کے ڈوزیئر میں شامل ہیں،ان سے تفتیش کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی ہورہی ہے، اگر کسی تنظیم کے اثاثوں کو تحویل میں لینا پڑا تو لیں گے، تمام تر اطلاعات پر کارروائی کررہے ہیں جبکہ آپریشن کی روزانہ کی بنیاد پر فراہم کی جائیں گی۔