وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میری حکومت ہندو برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی قسم کا بھی ہم ان پر کوئی ظلم نہیں ہونے دیں گے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سیاست انسانوں کو تقسیم کرنا اور نفرتیں پھیلانا ہے ، مودی کی طرح صرف ایک آدمی نے اقتدار کیلئے نفرتیں پھیلائیں اور ووٹ لیا ، نفر ت کی سیاست نہ ہوتی تو کراچی دبئی کا مقابلہ کر رہا ہوتا, میرا اقتدار میں آنے کا سب سے بڑا مقصد پاکستان کے عوام کو غربت سے نکالنے کی کوشش کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاہے بھارت ہو یا کوئی بھی سپر پاور، میں اور قوم آخری گیند تک اپنی آزادی کےلیے لڑیں گے، فوج اور عوام دونوں تیار ہیں، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق تھرپارکر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تھر کی تقریبا آدھی آبادی ہندوئوں کی ہے میں آپ کو یہ بتانا چاہتاہوں جو ہندوستان میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے ساتھ ہورہا ہے وہ موجودہ بھارتی حکومت کی پالیسی ہے، لیکن یہاں ایسا کچھ نہیں ہوگا۔
یو این کی رپورٹ آئی ہے کہ ہندوستان میں اقلیتوں کے حالات بگڑتے جارہے ہیں اور ان پر تشدد ہوتاہے اور حکومت ان کی حفاظت نہیں کرتی میں لیکن میں آپ کو یہ بتانے آیاہوں کہ میری حکومت ہندو مذہب کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی قسم کا بھی ان پر کوئی ظلم نہیں ہونے دیں گے۔
عمران خان کا کہناتھا کہ میرے رول ماڈل قائداعظم محمد علی ہیں، وہ انسانوں کو تقسیم نہیں کرنا چاہتے تھے، اس وقت قائد اعظم کو یہ علم ہوگیا تھا کہ آج جس طرح ہندوستانی کانگریس ظلم و ستم کررہی ہے اور انتہاپسندی کو بڑھا رہی ہے اس کے باعث مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کو حقوق نہیں ملیں گے اسی لیے وہ پاکستان کیلئے نکلے ، آج ہندوستان کا مسلمان کہتا ہے کہ قائداعظم ٹھیک کہتے تھے ، پاکستان ٹھیک بنا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے کراچی میں دیکھا اس شہر کو تباہ کیا گیا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرح صرف ایک آدمی نے اقتدار کیلئے نفرتیں پھیلائیں اور ووٹ لیا ، نفر ت کی سیاست نہ ہوتی تو کراچی دبئی کا مقابلہ کر رہا ہوتا لیکن اس ایک شخص کی انا اور نفرتوں نے کراچی کو تباہ کردیا، لوگ کاروبار اور شہر چھوڑ کر لوگ چلے گئے۔
انہوں نے عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ یہاں آنے کی پہلی وجہ یہ ہے کہ تھرپرکار پورے پاکستان سب سے پسماندہ علاقہ ہے اور یہ سب سے پیچھے رہ چکا ہے، یہاں کے 75 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں اور گزشتہ 3 سے 4 سال میں ہزاروں بچے خوراک اور بھوک کی کمی کی وجہ سے مرگئے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے کا سب سے بڑا مقصد پاکستان کے عوام کو غربت سے نکالنے کی کوشش کرنا ہے کیونکہ تھرپارکر میں سب سے زیادہ غربت ہے، اس لیے میں نے یہاں آنے کا فیصلہ کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تھر سے نکلنے والا کوئلہ تھرپارکر، سندھ اور پورے پاکستان کی تقدید بدل دے گا لیکن ہماری کوشش ہے کہ جو مادنیات جہاں سے نکلے گی وہاں کی عوام کو پہلی ترجیح دی جائے گی۔
وزیراعظم نے تھرپارکر کے لیے فوری طور پر 100 آر او پلانٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ مزید ضرورت پڑی تو وہ بھی فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ہیرو بہادر شاہ ظفر نہیں بلکہ ٹیپو سلطان ہے کیونکہ ہم غلامی میں نہیں آزادی میں رہنا چاہتے ہیں، کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہمیں غلام بنا لے گا تو میں واضح کردوں کہ ہم آخری قطرے تک لڑیں گے۔
سندھ کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں انتخابات میں یہاں مہم چلانے کا موقع نہیں ملا، کراچی میں ہم نے مہم چلائی اور وہاں انقلابی تبدیلی آئی۔