محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی

ملک بھر میں بارشوں نے جاتی سردی کو روک دیا ہے، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشن گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

راولپنڈی، لاہور، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں آسمان پر گہرے بادل چھا گئے ہیں اور یخ بستہ ہوائیں چلنے سے خنکی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث ایک گھنٹے کی بارش نے پورا شہر ڈبو دیا۔ بارش ہونے کی وجہ سے بجلیغائب ہو گئی جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔