وفاقی وزیرشیخ رشید کا کہنا ہے کہ میرے چاہنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے،اگر میں نے ٹوئٹ کرنا سیکھ لی تو بلاول کے کپڑے پھٹ جائیں گے۔
کراچی ائیرپورٹ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے کیسز لاہور میں اور پیپلز پارٹی اپنے مقدمات کراچی میں چلوانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے مقدمات اپنی مرضی کے شہر میں چلانے کا مطالبہ کرنے والے جمہوریت کے چیمپئن نہیں بلکہ یہ سب نیب زدہ، چور اور لٹیرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور زرداری نے ملک کو بری طرح نوچا ہے، میں چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ دونوں جماعتوں کے مطالبات کا نوٹس لیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری نے اگر اپنی زبان بند نہ کی تو میں سیاست کو سمجھتا ہوں، میرے چاہنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ میں ٹوئٹ کرنا سیکھ لوں تو بلاول کے کپڑے پھٹ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ بلاول اپنی سیاست کریں زرداری کی سیاست نہ کریں، بلاول جیل بھرو تحریک کیا چلائیں گے دیکھ لیں کہیں ایسانہ ہوکہ میانوالی کی جیل چلے جائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری کو شش ہے کہ ریلوے کو اصل حالت میں بحال کیا جائے، ریلوے کو لوگوں نے مفت کا مال سمجھا ہوا ہے۔
ان کا مزید کہناتھا کہ اربوں روپے کی اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے، کراچی میں ٹریفک کا مسئلہ بسیں چلانے سے نہیں بلکہ سرکلر ریلوے کی بحالی سے ختم ہوگا۔