وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ گوادر کی ترقی پاکستان کی ترقی ہوگی،مقامی لوگوں کو انصاف ہیلتھ کار ڈ فراہم کیے جائیں گے ، گوادر کو سرسبز کرنے کیلیے دس لاکھ پودے لگائے جائیں گے ، گوادر کو ریل کے ذریعے کوئٹہ سے منسلک کیا جائے گا ۔
گوادر میں انٹر نیشنل ایئر پور ٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ گوادر کی ترقی سے پورے خطے کوفائدہ ہوگا، ترقی وہ ہوتی ہے جس سے مقامی لوگوں کو فائدہ ملے ، مقامی لوگوں کو ترقی دیئے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیاہے کہ گوادر سے کوئٹہ تک ریلوے لائن بچھائی جائیگی ، ہم نے فیصلہ کیاہے کہ ریلوے پر پورا زور دیا جائیگا ، ریلوے کی ٹیکنالوجی میں چائنہ سب سے آگے ہے ، ہم سارے پاکستان میں ریلوے لائن کو ڈویلپ کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہونیوالی ترقی سے مقامی لوگوں کوفائدہ نہیں ہوا،وفاقی حکومت گوادر میں انصاف ہیلتھ کارڈ دیگی جس سے ہر خاندان کو ہیلتھ انشورنس ملے گی تاکہ وہ کسی بھی ہسپتال سے اپنا علاج کرا سکیں۔
ان کا کہناتھا کہ مقامی لوگوں کو ترقی سے مستفید ہونے کیلیے تربیت فراہم کریں گے ،گوادر کے ماہی گیروں کوخصوصی گرانٹس دی جائیںگی ، گوادر کو بجلی کی فراہمی کیلیے نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ گرین اینڈ کلین پاکستان کے تحت گوادر میں دس لاکھ درخت لگانے کا فیصلہ کیاہے تاکہ گوادر ہرا ہوجائے،پانی کوری سائیکل کیا جائیگاجس کیلیے ری سائیکلنگ پلانٹ لگایا جائیگا ۔
انہوں نے کہاکہ گوادر کی ترقی سارے پاکستان کی ترقی ہوگی ، میں پہلے بار گوادر آیا ہوں اور بہت خوش ہوںاور گوادرمیں ترقیاتی کاموں میں تعاون پر چائنہ کا شکریہ ادا کرتاہوں۔