وزیرِ اعظم عمران خان نے تمام وزارتوں کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا.
نجی ٹی وی کے مطا بق نومبر 2018 میں تمام وزارتوں کی جانب سے کابینہ کے سامنے پیش کیے گئے اہداف کی روشنی میں سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا،سہ ماہی رپورٹ مرتب کرنے کے لیے وزیرِاعظم آفس کی جانب سے تمام وزارتوں کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام وزارتوں کو سہ ماہی کارکردگی کی رپورٹ مرتب کرنے کے لئے دو ہفتوں کا وقت دیا گیا ہے، ہر وزارت کو اب تک کی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کے لئے 30 منٹ کا وقت دیا جائے گا جس کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوگا۔
سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے طے شدہ فارمیٹ تمام وزارتوں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
وزارتوں کے نام مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ اہداف کا تعین اور باقاعدگی سے کارکردگی کا جائزہ لیا جانا بہتر اور موثر حکومت کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔