پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 100 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا۔
ہم نیوز کے مطابق پاکستان نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار 100 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا۔ بھارتی ماہی گیر دوپہر ایک بجے کراچی کینٹ اسٹیشن سے لاہور روانہ ہوئے۔
بھارتی ماہی گیروں کو براستہ واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ رہا کیے گئے بھارتی ماہی گیروں کے کراچی سے لاہور تک کے سفری اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن نے ادا کیے جب کہ ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے رہا ہونے والے تمام بھارتی ماہیگیروں کو تحائف بھی دیے گئے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اتوار کو اپنی پریس کانفرنس میں 300 بھارتی ماہی گیروں کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں لیکن بھارت کی جانب سے مسلسل جارحیت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔