لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب ) نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف کی طرف سے ڈی جی نیب لاہور پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا۔
نیب کی جانب سے جاری کردی بیان کے مطابق ڈی جی نیب لاہور نے اپنی ڈگری کے بارے میں حمزہ شہباز سے کبھی کوئی بات نہیں کی، اگر انہوں نے ایسی بات کی تھی اس وقت کیوں خاموش رہے؟ یہ سب کچھ کھسیانی بلّی کھمبا نوچے کے مترادف ہے،
نیب ترجمان کے مطابق جہاں تک ڈی جی نیب کی ڈگری کا تعلق ہے تو ایچ ای سی پہلے ہی اس کی تصدیق کرچکی ہے اور اس کی رپورٹ معزز سپریم کورٹ آف پاکستان میں بھی جمع کروائی جا چکی ہے،
اس کے علاوہ اب جب کہ نیب کو حمزہ شہباز اور ان کی فیملی کی مبینہ منی لانڈرنگ آمدنی سے زائد اثاثوں کے بارے میں مبینہ طور پر ٹھوس ثبوت ملے ہیں تو حمزہ شہباز بے بنیاد من گھڑت اور جھوٹے الزامات کے ذریعے نیب کی قانون کے مطابق تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔