شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے کہاہے کہ میں محبوب علی اور پاپڑ والے کو نہیں جانتا ، میں کسی قاسم قیوم اورمنظور احمدکو نہیں جانتا اورنہ کبھی ان سے ملا ہوں، ملک میں نیب نیازی گٹھ جو ڑ ہے، نیب اورایف آئی اے کو شریف فیملی پر حملے کرنے کیلیے ایجنڈا دیا جاتاہے ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سلیمان شہباز نے کہاہے کہ نیب، ایف آئی اے کو ایجنڈا دیاجاتاہے کہ شریف فیملی پر حملے کیے جائیں ، اس وقت سارا فوکس شریف فیملی پر رکھا گیاہے، روزانہ حکومت غور کرتی ہے کہ کس طرح پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن پر الزامات لگانے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی معیشت بدحال ہوگئی ہے ، قرضے آسمانوں کوچھورہے ہیں ، ہسپتالوں میں دوائیاں نہیں مل رہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کوشریف خاندان فوبیاہوگیاہے ، ان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ تین سوارب شریف خاندان کا ملک سے باہر پڑا ہوا ہے ، میں پہلے تین ماہ میں یہ ریکور کروں گا مگر اب یہ تین سو ارب کہاں ہے ؟
ان کا کہناتھا کہ اب یہ فیصلہ کردیں کہ اس ملک کا نظام کس طرح چلنا ہے ، کیا یہ منی لانڈرنگ ہے کہ ایک طرف قانونی طورپر پاکستان میں پیسہ آتاہے اور اس پر کئی سال تک ایف بی آر کو ٹیکس دیاجاتا ہے ، یہ پیسہ سینما گھروں میں نہیں جاتا بلکہ اس سے انڈسٹری لگائی جاتی ہے ، دوسری جانب علیمہ باجی ، خسرو بختیار ملک سے باہر منی لانڈرنگ کرکے پیسہ لے جاتے ہیں اور اس پیسے سے ملک سے باہر جائیدادیں بنائی جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں محبوب علی اور پاپڑ والے کو نہیں جانتا ، میں کسی قاسم قیوم اورمنظور احمدکو نہیں جانتا اورنہ کبھی ان سے ملا ہوں، میں ہر سال اپنے ٹیکس کی رپورٹس ایف بی آر میں جمع کرواتارہاہوں ،سلیکٹڈ اینکر ز کو یہ معلومات کون دے رہا ہے جو مجھ کو بھی نہیں دی گئیں؟ میرے وکیل کو نہیں دی گئیں کیا یہ انفارمیشن نیب کی جانب سے دی گئی ہے؟
ان کا کہناتھا کہ میرا ڈکلیئریشن ایف بی آر کے پاس ہے ، وہ ہم سے یہ سوال پوچھیں ، یہ جو میڈیا ٹرائل ہورہا ہے کہ تین چار اینکر ہماا میڈیا ٹرائل کررہے ہیں ، میرے والد پر چھپن کمپنیوں ، میٹرو کا الزام لگا ، وہ 120دن نیب کسٹڈی میں رہے ، یہ الزام لگتے رہے ۔
انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کے الزامات پر میں چیلنج کرتا ہوں کہ اگر شہباز شریف کے اکاﺅنٹس میں ایک پینی کی بھی ٹرانزکشن آئی ہے تو وہ سیاست سے دستبردار ہوجائیں گے، میں جعلی حکومت کے الزامات مسترد کرتا ہوں، عمران خان اس بات کا جواب دیں کہ ان کے اثاثے 12کروڑ سے چار ارب کیسے ہوگئے ، ان کے پاس کے پی کی حکومت رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میں جعلی حکومت کے جعلی الزامات کا جواب دینا وقت کا ضیاع سمجھتا ہوں، عمران خان کے دماغ میں بھوسہ گھسا ہواہے ، ساری زندگی کوئی کام نہیں کیا ، اس کی اس سوچ کی وجہ سے ملک کا یہ حشر ہو رہاہے ۔
انہوں نے کہا کہ نیب کی بد نیتی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی ضمانت کے باوجود حمزہ شہباز کوگرفتار کرنے کی کوشش کی گئی اور ہمارے گھروں پر چھاپے مارے گئے ، اس وقت ملک میں جو ماحول بنایاگیاہے یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے ، جس نیب کو عمران خان دن رات گالیاں دیتے تھے ، اب اس کو سیاسی انتقام کاایک ہتھیار بنالیا ہے ۔