لاہور : مسلم لیگ ن کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہا کہ عمران خان صاحب کیوں ہر روز ہارے ہوئے شخص جیسی تقریر کرتے ہیں یہ کیسا کپتان ہے جو کہتا ہے مخالف ٹیم کی وجہ سے میں میچ ہار گیا ہوں، آپ میچ اس لئے ہار رہے ہیں کہ آپ نالائق ہیں اور دوسری ٹیم آپ سے بہتر اور لائق تھی۔
ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نےوزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جنہیں چور کہہ رہے ہیں ان کی حکومت میں مہنگائی 3 فیصد تھی جو اب 10 فیصد ہوگئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‘عمران صاحب خالی برتن صرف شور مچا سکتا ہے، آپ کی زبان، نااہلی اور نالائقی سے آپ کی حکومت کبھی کھڑی نہیں ہوسکتی، آپ کی حکومت کھڑی کب ہوئی تھی جو کوئی گرائے گا’۔
ترجمان ن لیگ نے کہا کہ ‘چور چور، ڈاکو ڈاکو کا چورن نہیں بک رہا، لوگوں کو روٹی، روزگار اور گھر چاہیے، عمران صاحب ڈال دیں سب کو جیلوں میں لیکن لوگوں کو روٹی دیں،50 لاکھ گھر دیں، ایک کروڑ نوکریاں دیں’۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 ماہ میں آپ کے دور میں جس رفتار اور مقدار میں لوٹ مار ہوئی، ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، 72 سال میں ملک اتنا نہیں ڈوبا، نقصان نہیں پہنچا جو آپ نے 9 مہینے میں کیا ہے۔
ترجمان ن لیگ نے مزید کہا کہ ‘عمران خان صاحب ملکی قرضہ 11000 میگاواٹ بجلی، 1800 کلو میٹر موٹروے پر لگے، صحت و تعلیم کے منصوبے لگانے اور دہشت گردی ختم کرنے میں قرضے صرف ہوئے، آپ حکومت کے صرف 9 مہینوں میں ملکی قرضہ 30 ہزار ارب ہو گیا، آپ جو یومیہ 14 ارب روپے قرضہ لے رہے ہیں وہ کس کی جیب میں جا رہا ہے؟’
ترجمان ن لیگ نے کہا کہ ‘9 ماہ میں پاکستان کا قرض بڑھا، ملک غریب ہوا، لیکن عمران صاحب، علیمہ باجی، جہانگیرترین کی دولت اور جائیدادوں میں اضافہ ہوا، یہ کیسا کپتان ہے جو کہتا ہے مخالف ٹیم کی وجہ سے میں میچ ہارگیا ہوں، آپ میچ اس لیے ہار رہے ہیں کہ آپ نالائق ہیں اور دوسری ٹیم آپ سے بہتر اور لائق تھی، آپ کان کھول کر سن لیں کہ آپ کی حکومت اس قابل نہیں کہ اسے گرایا جائے، آپ کی حکومت ہر لحاظ سے گری ہوئی حکومت ہے’۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‘عمران خان نے قوم کو نہیں بتایا کہ گھر بننا کب شروع ہوں گے؟ کب مکمل ہوں گے؟ قوم کو خبردار کررہی ہوں کہ گھروں کے نام پر قوم سے تاریخی فراڈ ہونے جارہا ہے، گھروں کے نام پر غریب ایک روپیہ نہ دیں، غریبوں کے پیسوں سے عمران خان، جہانگیر ترین، علیمہ باجی اور انیل مسرت کے گھر بنیں گے’۔