مولا بخش چانڈیو کی فائل فوٹو
مولا بخش چانڈیو کی فائل فوٹو

حکومت نےپیپلز پارٹی کے6وزراء لیےہیں،وزیر اعظم بھی ہمارا لے لیں،مولابخش چانڈیو

کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم مایوس ہوگئے ہیں وہ اپنی ٹیم سے دلبرداشتہ ہو گئے ہیں اور واپسی کا راستہ تلاش کررہے ہیں، موجودہ حکومت نے پیپلز پارٹی کے 6 وزراء لیے ہیں، وزیر اعظم بھی ہمارا لے لیں۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ، پی ٹی آئی کا پورا حلیہ تبدیل ہوجائے گا،مزید تبدیلی آئے گی، اب فردوس عاشق اعوان آئی ہیں وہ بھی پیپلزپارٹی کی وزیررہ چکی ہیں، یقین ہے موجودہ وزیراطلاعات سابق وزیراطلاعات والی زبان استعمال نہیں کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کشتی میں سوراخ ہوچکا ہے، آہستہ آہستہ پوری حکومت کا حلیہ ہی تبدیل ہوجائے گا، مسائل کے حل کے لیے صرف وزیرخزانہ نہیں وزیراعظم بھی پیپلز پارٹی کا لانا ہوگا۔

رہنما پیپلز پارٹی نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ نےکہا کہ جو کام نہیں کرے گا وہ گھر جائے گا، مطلب جو گھر بھیجے گئے وہ کام نہیں کرتےتھے، لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے والے وزیراطلاعات بھی گھر چلے گئے، وزرا مستعفی ہوئے ہیں تو وزیراعظم کو بھی استعفیٰ دینا چاہیے۔