اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں بدھ کو گرد آلود ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش کا امکان ہے۔
آج ملکہ کوہسار مری شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جبکہ سوہاوہ، میانوالی، شاہپور، دریاخان، چکوال، ضلع غذر، عیسٰی خیل اور بنوں سمیت مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور کہیں کہیں ژالہ باری ہوئی ہے۔
ملک وال میں شہر اور گردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ سوہاوہ شہر میں شدید آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ مضافاتی دیہات ژالہ باری بھی ہوئی۔
سوہاوہ کے دیہی علاقوں میں ژالہ باری سے گندم کی تیار فصل کو۔نقصان پہنچا ہے۔
اسی طرح میانوالی شہراور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کاشت کار پریشان ہیں۔
شاہپور شہر اور گردونواح میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ دریاخان میں بارش کے بعد شہر کی بجلی بند ہوگئی۔ تیز ہوا سے گندم کی فصل کو نقصان ہو سکتا ہے۔
بلوچستان میں تیز بارشوں اور مٹی کے طوفان کے امکان کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے اعلامیے کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارشوں کے ساتھ گردوغبار اورمٹی کے طوفان کا امکان ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی، مغربی بلوچستان کے بالائی اور درمیانی علاقوں میں منگل سے جمعرات تک نئی موسمیاتی لہرکے تحت بارشوں کانیا سلسلہ داخل ہوگا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چند مقامات پر مٹی اور گردآلود ہوائیں چلنے کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، قلات، ژوب، نصیرآباد اور سبی ڈویژن کے مختلف اضلاع متاثر ہوسکتے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام ضلعی ڈیزاسٹرمینجمنٹ حکام کوحفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو کہا گیا کہ تمام مشینری و دیگر آلات کی فراہمی سمیت ہنگامی بنیادوں پر عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔
پی ٹی ایم اے نے شہریوں کو پکنک پوائنٹس اور سیاحتی مقامات پر نہ جانے کی ہدایت بھی کی ہے۔