پولیو ورکرز کو لاحق سیکیورٹی خطرات کے باعث وفاقی حکومت نے انسداد پولیو مہم کو معطل کردیا۔
وفاقی حکومت کی ہدایت کے بعد انسداد پولیو پروگرام نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعلقہ اداروں کو پولیو مہم معطل کرنے کی ہدایت کردی۔
پولیو مہم کو پشاور میں پیش آنے والے حالیہ واقعہ کے تناظر میں معطل کیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک کے کسی علاقے میں پولیو مہم نہیں چلائی جائے گی۔
یاد رہے کہ پشاور میں پولیو کے قطروں کے باعث مبینہ طور پر متعدد بچوں کی طبیعت خراب ہوگئی تھی جس پر مشتعل ہجوم نے بنیادی صحت مرکز کو نذر آتش کردیا تھا۔
اس کے بعد کوئٹہ، لاہور اور خیبرپختون خوا کے مختلف علاقوں میں پولیو ورکرز پر حملے ہوئے جن میں پولیس اہلکار اور پولیو ورکرز جاں بحق ہوگئے۔