سونے کی فی تولہ قیمت 400 روپے اضافے کے ساتھ 72 ہزار 100 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت نے نیا ریکارڈ بنالیا ہے اور ڈالر 4 روپے مہنگا ہونے کے بعد 151 روپے کا ہوگیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سونے کی قیمت بھی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت میں 400 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت میں 343 روپے اضافہ ہوا ہے۔
دوسری طرف عالمی منڈی میں سونے کی فی اونس قیمت میں 10 ڈالر کمی واقع ہوئی ہے، اور بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کا بھاؤ 1285 ڈالر ہوگیا ہے۔
سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 72 ہزار 100 روپے جب کہ دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 61 ہزار 814 روپے ہوگئی ہے۔