پشاور میں ڈاکٹروں اور وزیر صحت کے درمیان جھگڑے کے واقعہ کے بعد ڈاکٹروں کی تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال تیسرے روز بھی جاری ہے۔او پی ڈیزاوردیگر شعبے بند ہونے سے مریضوں اور تیمار داروں کو سخت کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیرصحت اورڈاکٹروں کے درمیان تنازعات حل نہیں ہو سکے ہیں۔ ڈاکٹروں نے صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں تیسرے روز بھی او پی ڈیزکا بائیکاٹ کیا جس سے مریض رل گئے۔
صوبائی وزیر صحت ہشام انعام اللہ سمیت عمران خان کے کزن نوشیروان برکی اورڈاکٹر ضیاء الدین کے مابین جھگڑے کا معاملہ حل نہ ہو سکا۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث دور درازعلاقوں سے آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کہتے ہیں کہ کل سے ہر صورت میں او پی ڈیز کھلیں گی، کسی نے رخنہ ڈالا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں ڈاکٹرز کونسل کے وزیر صحت اور نوشیروان برکی کے مستعفی ہونے کے مطالبہ کو مسترد کر دیا۔