ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف کے انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔فائل فوٹو
ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف کے انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔فائل فوٹو

لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے

ماہ صیام کا تیسرا اور آخری عشرہ شروع ہوتے ہی ملک بھر کی مساجد میں بھی فرزندان اسلام کی بڑی تعداد اعتکاف میں بیٹھ گئی۔

اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ٹھہر جانے یا خود کو روک لینے کے ہیں، اس طرح شریعت کی اصطلاح میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کی غرض سے مسجد میں قیام کرنے کو اعتکاف کہتے ہیں۔

کراچی سمیت ملک کی لاکھوں مساجد میں لاکھوں مسلمان نماز عصر کے بعد اعتکاف میں بیٹھے ہیں جب کہ کئی مساجد میں اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف بھی جمع کیے گئے ہیں۔

اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لیے بعض مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے سحری اور افطاری فراہم کرنے کے خصوصی انتظامات بھی کیے جاتے ہیں جب کہ عام طور پر معتکفین کی سحر و افطاری کا ذمہ ان کے اہلخانہ کا ہوتا ہے۔

آخری عشرے کی طاق راتوں میں مسلمان رات بھر اللہ کے حضور عبادت کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کریں گے جب کہ معتکفین بھی خصوصی طور پر آج رات عبادت کا اہتمام کریں گے۔

سنتِ رسول ﷺ پر عمل پیرا یہ افراد چاند رات تک خصوصی عبادات میں مشغول رہیں گے اور قبولیت کی گھڑی لیلۃ القدر کو تلاش کریں گے۔

رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے اور خصوصی عبادات میں شریک ہونے کے لیے لاہور بھر کی مساجد میں اعتکاف کے انتظامات مکمل کیے گئے۔

کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے پہنچے ہیں۔

ہر سال کی طرح اس ماہ صیام میں بھی اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ہزاروں  فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں۔

لاہور میں منہاج القرآن کی جانب سے بھی اعتکاف کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں سیکڑوں افراد اعتکاف میں بیٹھے ہیں۔

لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد، داتا دربار، جامعہ نعمیہ، جامعہ اشرفیہ اور شہر اعتکاف سمیت تمام چھوٹی بڑی مساجد میں معتکفین نمازِ عصر کے بعد اعتکاف پر بیٹھ گئے۔

بادشاہی مسجد میں 2 ہزار سے زائد لوگوں کی درخواستیں موصول ہوئیں لیکن سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 400 افراد کو اعتکاف پر بیٹھنے کی اجازت دی گئی۔

محکمہ اوقاف کے زہر اہتمام مساجد میں بھی معتکفین کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پنجاب کے مختلف شہروں سے بادشاہی مسجد کا رخ کرنے والے معتکفین کا کہنا تھا کہ اعتکاف پر بیٹھ کر انہیں روحانی سکون ملتا ہے۔

جہنم کی آگ سے نجات کے اس عشرے میں لیلۃ القدر بھی موجود ہے، جس کے لیے مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ اعتکاف پر بیٹھنے والوں کے لیے محکمہ اوقاف، مساجد کی انتظامی کمیٹیاں اور مخیر حضرات سحری اور افطاری کا اہتمام کرتے ہیں۔