پی ٹی آئی کے رکن نوید وڑائچ کی صاحبزادی علیزہ اختر امریکہ میں ایک حادثے کے دوران چل بسی۔
نوید اختر وڑائچ کی 19 سالہ بیٹی علیزہ اختراپنی چھوٹی بہن کے ہمراہ کار میں جارہی تھیں کہ مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار کار نے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں علیزہ اختر جاں بحق اوران کی چھوٹی بہن شدید زخمی ہوگئیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ نیو جرسی کے اولڈ برج ایریا میں پیش آیا،حادثے کے بعد کار سوارموقع سے فرارہو گیا جس کو تعاقب کرنے کے بعد پولیس نے پکڑ لیا۔ پکڑا جانے والا ڈرائیور28 سالہ الیکزینڈر نشے میں تھا اورمخالف سمت سے آتے ہوئے اچانک اپنی لین تبدیل کرلی تھی۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کے رہنما نوید اختر وڑائچ کی بیٹی کی ہلاکت کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے اس واقعہ پرافسوس کا اظہارکیا ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما نوید اختر وڑائچ کی بیٹی علیزہ اختر امریکی معروف یونیورسٹی میسا چوسسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم تھیں اور ذہانت کے باعث اسکالر شپ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔