پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) اور نجی فضائی کمپنیوں نے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے اور فضائی ٹکٹوں کی بلند اڑان کی وجہ سے عید کے موقع پر مسافروں کو سفر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عالمی منڈی میں جیٹ فیول کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی بے قدری کے باعث پی آئی اے سمیت نجی ایئرلائنز نے اچانک کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔ فضائی کمپنیوں نے لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور کے درمیان چلنے والی پروازوں کے کرائے بڑھا دیے ہیں۔
پی آئی اے کے لاہور سے کراچی کے دوطرفہ ٹکٹ کی قیمت 34 ہزار روپے سے زیادہ ہوگئی، ائیربلیو کا لاہور سے کراچی کا ریٹرن ٹکٹ 35 ہزار پانچ سو روپے میں فروخت ہونے لگا، سیرین ائیر کا لاہور سے کراچی کا دو طرفہ کرایہ 39 ہزار پانچ سو روپے تک پہنچ گیا ہے۔ ائر لائن نے ٹکٹوں میں اضافہ اپریل کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا ہے۔
واضح رہے کہ دو ماہ قبل لاہور سے کراچی کا ریٹرن ٹکٹ 28 ہزار روپے میں دستیاب تھا۔