لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) حملہ کیس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد وحید نے لائیرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔
لاہورہائیکورٹ نے پی ٹی وی حملہ کیس میں عمران خان کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کریں۔
اس سے قبل 20 مئی کو لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کے لیے دائر درخواست کی جلد سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے اس کی سماعت آئندہ ہفتے کے لیے مقرر کردی تھی۔
خیال رہے کہ درخواست میں وفاقی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں عمران خان نے سول نافرمانی کے لیے عوام کو اکسایا، انہوں نے لوگوں کو اکسایا کہ وہ ٹیکس ادا نہ کریں اور بیرون ممالک سے رقوم بھی نہ بھیجیں۔
درخواست میں مزید بتایا گیا کہ عمران خان نے حامیوں سمیت پارلیمنٹ کی عمارت پر دھاوا بولا اور املاک کو نقصان پہنچایا جبکہ عمران خان نے سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی پر بھی حملہ کیا۔
اس میں مزید کہا گیا کہ عمران خان نے ملکی سالمیت کے خلاف اقدامات کیے اور ملک کے سیاسی نظام کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔