پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے اندر ہٹلر کے جراثیم موجود ہیں،عمران خان نے مخبر بن کر رانا ثںا اللہ پر خود جھوٹا اور بے بنیاد کیس بنوایا،جیل میں ان کو پینے کا پانی کھانا اور ادویات تک نہیں دی جا رہیں،رانا ثنااللہ کو کچھ ہوا تو ذمے دارعمران نیازی ہوں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی قیادت میں 2 رکنی لیگی وفد نے راناثنا اللہ خان کے اہلخانہ سے ملاقات کی، ملاقات میں رانا ثنااللہ کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کو کھانا اور پانی بھی فراہم نہیں کیا جارہا، نئے پاکستان میں کیا یہ ہے ریاست مدینہ کا ماڈل؟ عمران خان نیازی کے اندر ہٹلر کے جراثیم موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کی دوائیاں اور کھانا پانی ان کے حوالے کیاجائے، رانا ثنااللہ کو کچھ ہوا تو ذمہ دارعمران نیازی ہوں گے، عمران خان کی فسطائی سوچ اورہتھکنڈے سامنے آچکے ہیں،رانا ثناء اللہ کیخلاف ایک بے بنیاد کیس ہے، اس سے پہلے نیب پوری کوشش کے باوجود رانا ثناء اللہ کیخلاف کوئی کرپشن یا کمیشن لینے کا کیس نہیں بنا سکی۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل عمران خان نے اس وقت کے اینٹی کرپشن کے ڈی جی کو ذاتی طورپر بلا کر ہدایت دی کہ کچھ بھی ہو جائے مجھے رانا ثناء اللہ کیخلاف بدعنوانی کا کیس چاہیے،جب وہ اس میں ناکام ہوگئے عمران خان نے خود مخبر بن کر رانا ثناء اللہ کیخلاف 15 کلو ہیروئن کا کیس بنایا ہے، پوری قوم اس پر حیران و پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ یقیناً ایک مضبوط دل و دماغ کے آدمی اور بڑے بہادر شخص ہیں ،بدقسمتی سے جب سے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر بجھوایا گیا ان کو پینے کا پانی کھانا اور ادویات تک نہیں دی جارہی ہیں،رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نے بتایا کہ وہ کئی گھنٹے کھانا لے کر کھڑی رہیں مگر جیل انتظامیہ نے کھانا پہنچانے سے انکار کردیا،مجھے بتایا جائے کیا نئے پاکستان میں یہ ریاست مدینہ کا تصور ہے؟۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بدترین کیس کے مجرم کو بھی انسانی حقوق کے مطابق بنیادی سہولتوں سے محروم نہیں کیا جاتا،سب کو پتا ہے کہ چند سال پہلے رانا ثناء اللہ کے دل کی سرجری ہوئی، ان کی دائیں آنکھ کی بینائی بھی متاثراور پھر وہ کمر دردکے بھی مریض ہیں، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ رانا ثناء اللہ کو فی الفور کھانا پانی اور دوائیاں فراہم کی جائیں، اگر خدانخواستہ رانا ثناء اللہ کو کچھ ہوگیا تو اس مجرمانہ غفلت کی تمام تر ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع ملی ہے کہ رانا ثناء اللہ کے کمرے میں نہ پنکھا چل رہا ہے اور نہ رات کو بجلی کا بلب جلایا جاتا ہے،خدانخواستہ وہ کوئی قتل کرکے تو نہیں آئے ،اس طرح دشمن بھی نہیں کرتا،میری تمام درد دل رکھنے والے اشخاص ، افراد اور اداروں سے التماس ہے کہ رانا ثناء اللہ کے علاج میں مجرمانہ غفلت برتنے پرعمران خان کی حکومت کیخلاف نوٹس لیا جائے اور انہیں فی الفور طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پوری پارٹی رانا ثناء اللہ کے ساتھ ہے،عمران خان کی فسطائیت کا نشانہ مسلم لیگ ن اس لئے ہے کہ ہم مہنگائی اور بیروزگاری کے طوفان کیخلاف آواز اٹھارہے ہیں، گردوں کی ٹرنسپلانٹ کے مراکز تک بند ہوگئے ہیں۔
اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کرپشن کی کہانی ایک سال سے چل رہی ہے مگر آج تک کوئی ثبوت سامنے نہیں آئے،رانا ثناء اللہ نے ضیاء الحق اور مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا اور آج عمران خان کی آمریت کا مقابلہ کررہاہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر آدمی کہہ رہا ہے کہ رانا ثناء اللہ کیخلاف کیس جھوٹا ہے،اس کی کوئی حقیقت نہیں ہے، آج کرپشن کی حقیقت سامنے آچکی ہیں اور اس حکومت کی حقیقت بھی سامنے آچکی ہے، آج ہر شخص پریشان ہے ،آج ہمارے پریس اور میڈیا کی وہ حالت ہے جو پاکستان میں کبھی کسی آمریت میں نہیں ہوئی۔