منڈی بہاء الدین میں مریم نواز کا جلسہ روکنے کیلیے پولیس نے قائداعظم گراؤنڈ پر چھاپہ مار کر ٹینٹ لگانے والے چھ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس نے ٹرک منگوا کر سامان اٹھوا دیا جبکہ بھاری نفری گراؤنڈ کے اطراف میں تعینات کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ منڈی بہاء الدین میں مریم نواز کی جانب سے سات جولائی کو حکومت مخالف تحریک کا آغاز کیلئے جلسہ کرنا تھا جس کیلئے قائداعظم گراؤنڈ پر کرسیاں لگائی جا رہی تھیں۔
پولیس نے چھاپہ مار کر گراؤنڈ کو سیل کر دیا ہے، پولیس نے ٹرک منگوا کر کرسیاں، ٹیبل، حفاظتی خاردار جنگلا، کارپٹ اور دیگر سامان اٹھوا دیا۔
ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم نے بتایا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
مسلم لیگ ن کے امیدوار قومی اسمبلی مشاہد رضا نے کہا کہ جلسہ کرنا ہمارا جمہوری حق ہے اور ایسا کرنے سے کوئی قوت نہیں روک سکتی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صد ر مریم نواز نے کہاہے کہ ان کے خوف سے حکومت کی جان جاتی ہے ۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ مجھ سے جعلی حکومت کی جان ہی جاتی ہے
انہوں ے کہا کہ اصل خوف نواز شریف کے پیچھے کھڑی عوامی طاقت کاہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں منڈی بہاﺅالدین ضرور جاﺅں گی ۔