پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو عوام نے مسترد کردیا ہے ، یکم اگست کو چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد یہ حکومت نہیں رہے گی اور پھرنئے انتخابات ہوں گے کیونکہ یہی موجودہ حالات کا حل ہے۔
سابق صدر آصف زرداری کی64ویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے بغیر جرم کے 11سال جیل کاٹی اور اب بھی ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں،دنیا کے کسی ملک ایسی جماعت نہیں ملے گی جس نے جمہوریت کے لیے اتنی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر جو سیاسی انتقام کا ڈرامہ رچایا گیا ہے یہ وزیراعظم کو سلیکٹ کرنیوالوں کا انتقامی حربہ ہے ، وہ سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں اگر احتساب کرنا ہے تو جج ، جرنیل ، سیاستدان اور جو بھی ملک سے تنخواہ وصول کرتے ہیں سب کا بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو اپوزیشن کی جماعتوں نے یوم سیاہ منا کر واضح کردیا کہ حکومت نااہل اور سلیکٹڈ ہے ۔انہوں نے کہاکہ یکم اگست کو چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیابی سے ہمکنار ہوگی ، اس کے بعد حکومت کے پاس بھی کوئی جواز نہیں رہتا اور نئے انتخابات ہوں گے کیونکہ موجودہ حالات کاحل صرف یہی ہے ۔
وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آرمی چیف اپنے دورہ امریکہ پر وزیراعظم کو بھی ساتھ لے گئے تھے ، ٹرمپ نے کشمیر کے حوالے سے جو بیان دیا ہے اس پر بھارت نے آدھے گھنٹے کے اندر اندر کہہ دیا کہ ہم اس کو نہیں مانتے ۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے یوم سیاہ میں رکاوٹیں ڈالنے میں حکومت نے کوئی کسر نہیں چھوڑی،موجودہ حکومت کے دور میں 9لاکھ سے زائد لوگ بے روزگار ہوئے ہیں، مہنگائی عروج پر ہے ، ہمیں سلیکٹڈ حکومت کی یہ پالیسی منظور نہیں ہے ،ہم صرف جمہوریت کی خاطر پارلیمان میں آ ئے،ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دھاندلی زدہ الیکشن کا معاملہ اٹھاتے رہیں گے ۔