98ارکان نے ووٹ کیا۔فائل فوٹو
98ارکان نے ووٹ کیا۔فائل فوٹو

وزیراعظم کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مبارکباد

 وزیراعظم عمران خان نے  چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے پر مبارکباد دی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے پروزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اورتحریک ناکام ہونے پرانہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب اللہ کا کرم ہے اورآپ نے ثابت کیا ہے کہ آپ پرایوان کا اعتماد ہے۔

دوسری جانب گورنرسندھ عمران اسماعیل نے  بھی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی اورانہیں تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے پرمبارک باد پیش کی۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تحریک قائد حزب اختلاف راجہ ظفرالحق نے پیش کی تھی جس کی کامیابی کے لیے 53 ووٹ درکار تھے تاہم اپوزیشن 50 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

اسی طرح ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی جس میں حکومت صرف 32 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ دونوں اپنے عہدے پربرقرار رہے۔