سی پیک منصوبوں اور چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پہلی کھیپ گلگت پہنچ گئی۔
آئی جی گلگت بلتستان ثنا اللہ عباسی کے مطابق سی پیک اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو)کے لیے 15گاڑیاں اور20موٹر سائیکل خریدے گئے ہیں جبکہ مزید 13گاڑیاں اور موٹر سائیکل اگلے ہفتہ گلگت پہنچ جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے قیام سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا جس کے لیے 12کروڑ روپے کی لاگت سے 63گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں جبکہ 30گاڑیوں کی خریداری کے لیے حکومت سے این او سی طلب کیا ہے۔
آئی جی گلگت پولیس کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت چار پراجیکٹس پر چینی باشندے کام کر رہے ہیں اور ان گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو سی پیک منصوبوں اور چینی باشندوں کی حفاظت کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 4 سو 67اہلکاروں پر مشتمل اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کو جدید خطوط پر تربیت دی جا رہی ہے۔سینٹرل پولیس آفس میں آئی جی گلگت بلتستان ثنا اللہ عباسی نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چابیاں ایس پی یو کے سربراہ کے حوالے کیں۔