محکمہ داخلہ نے اس سلسلے میں نوٹی فیکیشن جاری کردیا ۔فائل فوٹو
محکمہ داخلہ نے اس سلسلے میں نوٹی فیکیشن جاری کردیا ۔فائل فوٹو

کراچی میں8 محرم سے 3روز کیلیے ڈبل سواری پر پابندی کا فیصلہ

سندھ حکومت نے 8 محرم الحرام کی رات سے یوم عاشور کی رات تک شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں صوبے میں امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا ، جس میں محرم الحرام کے دوران قیام امن اور پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے انعقاد کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ بڑا ہے، اس لئے ہمیں محرم الحرام میں سیکیورٹی کے انتظامات بہتر کرنے ہوں گے، پچھلے 3 برسوں میں کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا، 2016 میں گھر میں مجالس پر حملہ ہوا جس میں 5 لوگ شہید ہوئے تھے، علاقے کے ایس ایچ او کو پتا ہونا چاہیے کہ اس کے علاقے میں کس گھر میں مجالس ہو رہی ہیں۔

اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ 8 محرم الحرام کی رات سے یوم عاشور تک کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگادی جائے گی۔ شکارپور، کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں سادہ کپڑوں میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ عام و ضمنی انتخابات میں استعمال کئے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کو مجالس اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران سیکریٹری داخلہ سندھ نے بتایا کہ محرم الحرام کے بعد 25 ستمبر سے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کراچی میں تین میچ کھیلے گی، جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم کرکٹ میچز کیلیے بھی زبردست انتظامات کریں گے، ہماری کوششوں سے انٹرنیشل کرکٹ کراچی میں واپس آئی ہے، یہ ہم سب کی مشترکہ کامیابی ہے، پاک فوج، رینجرز، پولیس اور سب سے زیادہ کراچی کے عوام کی وجہ سے شہر میں انٹرنیشل کرکٹ ہورہی ہے۔