بجلی اور گیس کے بلوں کی قسطیں تین ماہ کے لیے ہوں گی۔فائل فوٹو
بجلی اور گیس کے بلوں کی قسطیں تین ماہ کے لیے ہوں گی۔فائل فوٹو

وزیراعظم سے صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے معروف صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کی ملاقات ہوئی ہے۔

وزیر اعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں میاں محمد منشاء، بشیرعلی محمد،علی حبیب، شاہد حسین، خلیل ستار، ثاقب شیرازی، شاہد عبداللہ،طارق سہگل،عارف حبیب، مصدق ذوالقرنین اورسکندر مصطفی شامل تھے۔

وزیر منصوبہ بندی وترقی مخدوم خسرو بختیار، وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین اور چیئرمین ایف بی آر سید شبرزیدی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کودعوت دی کہ وہ معیشت کی بہتری کے سلسلے میں اپنی تجاویز پیش کریں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے کہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ جب تک کاروبار میں آسانیاں پیدا نہیں ہونگی اُس وقت تک معیشت کا پہیہ نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح روزگار کے مواقع پید ا کرنا ہے جس سے غربت میں کمی آئے گی۔

وزیراعظم نےکہا کہ کاروباری برادری کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کی روشنی میں پالیسی سازی اورمنصوبہ بندی کا عمل موثر طور پر آگے بڑھایا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ  حکومت معیشت کے تمام شعبوں میں مشاورتی عمل جاری رکھے گی اور کاروباری طبقے سے ملاقاتوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا۔

کاروباری شخصیات نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہا رکیا اور معیشت کی بہتری کے لیے حکومت کی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

ملاقات کے دوران معیشت کی بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اقدامات، نجکاری، محصولات میں اضافہ، ادارہ جاتی اصلاحات، ٹیکس نیٹ میں توسیع،سالانہ بجٹ کی تیاری، ہنر مندی اور استعداد کاراور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویززیرغورآئیں۔

وزیراعظم نے متعلقہ وزرا اور مشیروں کو ہدایت کی کہ وہ ان تمام تجاویز کا بغورجائزہ لیں اورکاروباری طبقے سے مشاورت جاری رکھیں۔